فیصل کامران نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کردی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی جانب سے مختلف نوعیت کی شکایات پیش کی گئیں۔ 90 سالہ خاتون بھی اپنا وراثتی حق حاصل کرنے کے لیے کھلی کچہری پہنچ گئیں اور وراثتی حق نہ ملنے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او باٹا پور کو خاتون کو قانونی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ خاتون کی شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ کھلی کچہری میں جائیداد اور کرایہ داری سے متعلق متعدد شکایات بھی سامنے آئیں۔ کرایہ دار کی جانب سے مالک مکان پر تشدد اور جھوٹی درخواستیں دینے کے الزام پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او ڈیفنس اے کو شواہد کی روشنی میں کارروائی کا حکم دیا، جبکہ 56 لاکھ روپے کے ٹھیکے میں مبینہ فراڈ کی شکایت پر ایس ڈی پی او چوہنگ کو تصدیق کے بعد قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ایک خاتون کی جانب سے بھائیوں پر جائیداد سے محروم رکھنے اور تشدد کے الزام پر ایس ایچ او سندر کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی طرح باپ کی جانب سے بیٹے کے مبینہ ناروا سلوک کی شکایت پر فیصل کامران نے ایس ایچ او سبزہ زار کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کھلی کچہری میں ہر شہری کی شکایت کو توجہ سے سنا جا رہا ہے اور شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔