2پانی کمپنیاں پنجاب اتھارٹی میں ضم کرنے کی منظوری

 انضمام کے بعد دونوں کمپنیوں کے تمام اثاثے اتھارٹی کو منتقل کیے جائیں گے
لاہور ( کرائم رپورٹر )پنجاب صاف پانی کمپنی ساوتھ کا پچھترواں اور نارتھ کا تینتالیسواں بورڈ آف گورنرز اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری ہا ئوسنگ نورالامین مینگل نے کی۔اجلاس میں پنجاب صاف پانی کمپنی سا ئوتھ اور نارتھ کو پنجاب صاف پانی اتھارٹی میں ضم کرنے کی منظوری دی گئی۔ انضمام کے بعد دونوں کمپنیوں کے تمام اثاثے اتھارٹی کو منتقل کیے جائیں گے، جبکہ گزشتہ بورڈ اجلاس کے منٹس بھی منظور کر لیے گئے۔ ترجمان محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق چیف انجینئر نارتھ اثاثوں کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں 963 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا، جنہیں شمسی توانائی پر منتقل کر کے بجلی اور وسائل کی بچت کی جائے گی۔مزید یہ کہ فلٹریشن پلانٹس کو چوری اور نقصان سے بچانے کے لیے جدید سکاڈا سسٹم نصب کیا جائے گا۔ پلانٹس سکولوں، تھانوں، مدارس، بس اڈوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں لگائے جائیں گے تاکہ پہلے سے موجود سکیورٹی انتظامات کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں معیاری اور یکساں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔