عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی سماعت وکیل کی عدم حاضری پر 18 اگست تک مؤخر

عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی سماعت وکیل کی عدم حاضری پر 18 اگست تک مؤخر

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث 18 اگست تک ملتوی کردی۔

جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، جس میں عالیہ حمزہ نے اپنے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی نے پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں عالیہ حمزہ کے خلاف 21 مقدمات درج ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف وفاق میں کوئی مقدمہ درج نہیں۔ پولیس کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 3، قصور میں 7، گوجرانوالہ میں 1، راولپنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں بھی عالیہ حمزہ کے خلاف کوئی مقدمہ موجود نہیں۔ درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، آئی جی پنجاب اور پولیس سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔