ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم نواز شریف نے بالآخر طویل عرصے بعد عملی سیاست میں واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے عوامی رابطہ مہم کے طور پر ملک گیر جلسے جلوسوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا۔
بلوچستان کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم
نواز شریف نے نہ صرف سیاسی سرگرمیوں کی واپسی کا اعلان کیا بلکہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ گزشتہ روز لاہور میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک سے ملاقات کے دوران انہوں نے بلوچستان کے مسائل پر گفتگو کی اور مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔
بیلاروس میں پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال
بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر لوکاشینکو نے نواز شریف سے خصوصی گرمجوشی کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس حکومت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، جبکہ منسک آمد پر انہیں بیلاروس کے وزیراعظم نے پرتپاک استقبال دیا۔ وزیراعظم نے وکٹری اسکوائر پر جا کر یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔