3 ہزار سرکاری سکولز میں سائنس لیبز بنانے کا فیصلہ

 طلبہ کو جدید تعلیم دینے میں معاونت ملے گی : چیف منسٹر ٹاسک فورس
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر کے 3 ہزار سرکاری سکولوں میں سائنس لیبز بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ لیبز ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے بنائی جائیں گی،تمام لیبز میں کروم بک فراہم کی جائیں گی ، لیبز میں گوگل لیب کے ساتھ سٹیم لیب بھی بنائی جائے گی،لاہور میں پہلی گوگل لیب کا افتتاح گزشتہ ہفتے میں کیا گیا تھا،گورنمنٹ ہائی سکول وحدت روڈ میں یہ پہلی لیب بنائی گئی ہے،مذکورہ لیبز دو سال کے عرصہ میں بنوائی جائیں گی۔ چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے ایجوکیشن مزمل محمود کا کہنا ہے کہ یہ لیبز محکمہ سی این ڈبلیو کی بجائے سکول مینجمنٹ کونسل سے تیار کرائی جائیں گی۔ اگر اتنے بجٹ میں یہ لیبز سی این ڈبلیو سے تیار کرائی جاتیں تو صرف 8 سو بننی تھیں۔ ان لیبز سے طلبہ کو جدید دور کی تعلیم دینے میں معاونت ملے گی۔