ترانا (آئی این پی) البانیہ میں ماہرینِ آثار قدیمہ نے تیسری سے چوتھی صدی عیسوی کے زمانے کا بڑا رومی مقبرہ دریافت کیا ہے، جو ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے، جو کبھی رومی سلطنت کا حصہ تھا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی افراد نے ایک پلیٹو پر غیر معمولی پتھروں کو دیکھنے کے بعد اطلاع دی، جس پر آثار قدیمہ کے ادارے کے عملے نے اگست کے اوائل میں کھدائی شروع کی اور ایک زیرِ زمین ڈھانچہ دریافت کیا، جس کی بڑی چونے کے پتھروں کی سلیبوں پر یونانی زبان میں تحریریں کندہ تھیں۔پراجیکٹ کے سربراہ ماہرِ آثار قدیمہ ایریکسن نکولی نے کہا کہ تحریر ہمیں بتاتی ہے کہ یہاں دفن شخص کا نام گیلیانو تھا، جو رومی دور میں عام تھا، دوسرے فرد کی شناخت کے بارے میں ہم غیر یقینی ہیں، لیکن غالب امکان ہے کہ وہ گیلیانو کے خاندان کا ہی کوئی فرد ہو۔9 میٹر لمبی اور 6 میٹر چوڑی (29 فٹ 19 فٹ) یہ قبر البانیہ میں پہلی بار دریافت ہوئی ہے، جسے ماہرین کسی امیر شخص کا مدفن قرار دے رہے ہیں، جو علاقے میں ملنے والی دیگر قبروں سے کہیں زیادہ شاندار ہے