تھر کا کم عمر جوڑا شادی نہ کرانے پرسرحد پار کرکے بھارت پہنچ گیا

مٹھی (خصوصی رپورٹ)تھر کے علاقے اسلام کوٹ سے تعلق رکھنے والا کم عمر جوڑا گھر والوں کی جانب سے شادی سے انکار پر بھارت پہنچ گیا۔ اطلاعات کے مطابق 14 سالہ طوطو بھیل اور 13 سالہ مینا بھیل گزشتہ روز اپنے گھر سے لاپتا ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں گائوں لسیو بھیل کے رہائشی ہیں۔ جھانگرو تھانے میں ورثا کی جانب سے دونوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ پولیس تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ طوطو اور مینا کلتھاریو چیک پوسٹ کے راستے سرحد عبور کرکے بھارت چلے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں نے کسی مقامی شخص کی مدد سے زیرو لائن پار کی۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔