۔سنگین جرائم میں ملوث 167 اشتہاری، 155 عدالتی مفرور اور 53 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)موجودہ سرحدی صورت حال کے تناظر میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ،کومبنگ آپریشنز اور فرضی مشقیں جاری ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جارہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 380 کومبنگ آپریشنز، 14 ہزار مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 61 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ 32 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، 3483 افراد سے پوچھ گچھ اور 4مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔سنگین جرائم میں ملوث 167 اشتہاری، 155 عدالتی مفرور اور 53 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کے دوران 5مجرمان کیفر کردار کو پہنچے،7زخمی جبکہ 6 گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں بھی کی جا رہی ہیں۔فرضی مشقوں میں پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔فرضی مشقوں کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنا، خطرات سے بچاؤ، شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کرنا اور رسپانس ٹائم مزید بہتر بنانا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کے لئے فرضی مشقیں جاری رہیں گی۔