ویب ڈیسک: پاکستان کی بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کے تحت بھارت کے 10 اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کی اہم تنصیبات اور ایئر بیسز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارت میں شدید افراتفری پھیل گئی۔بھارت نے اپنے 28 ایئرپورٹس کی بندش میں مزید توسیع کرتے ہوئے 15 مئی تک اسے برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ان ایئرپورٹس میں سری نگر، جموں، امرتسر، لیہہ، چندی گڑھ، دھرمشالا، راجکوٹ اور دیگر شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرپورٹس کی بندش سے سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں اور متعدد ایئرلائنز نے اپنی فلائٹ آپریشنز بھی بند کر دیے ہیں، جس سے فضائی آمدورفت میں خلل پڑا ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد بھارت کی فضائی سکیورٹی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں، اور پاکستان نے اپنے اقدامات کو دفاعی اور مؤثر قرار دیا ہے۔دوسری جانب بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے لیے سفری پابندیاں بھی مزید سخت کی گئی ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت خطے میں شدید تناؤ کی صورتحال ہے اور عالمی برادری کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان امن کی کوششوں کے لیے مسلسل اپیلیں کی جا رہی ہیں۔