بھارت کو جواب دینے کیلئے 200 فیصد تیار ہیں( خواجہ آصف)طیارے گرا کر برتری حاصل کرلی عطاء تارڑ

قوم مطمئن رہے، کوئی بیرونی دبا ئو قبول نہیں، پاکستان جوابی کارروائی میں شہریوں کو نشانہ نہیں بنائے گا‘، ایٹمی جنگ کا آپشن دونوں ممالک کے پاس نہیں:وزیردفاع
سیاست سے تقسیم کو ختم کرنا ہوگا، ہم آہنگی کی بھی بات ہونی چاہیے،  سرحدوں اورعوام کا دفاع کرنا جانتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو یک زبان ہونا چاہئے:اعظم نذیر تارڑ

   اسلام آباد (آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  پاکستان کوئی بیرونی دبائو  قبول نہیں کرے گا، قوم مطمئن رہے، جواب دینے کے لیے 200 فیصد تیار ہیں، پاکستان اپنی جوابی کارروائی میں بھارت کے سویلینز کو نشانہ نہیں بنائے گا، ہم صرف فوجی تنصیبات پر حملے کریں گے۔جمعہ کو ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں پانچویں روز بھی بھارتی جارحیت کے خلاف بحث کی گئی۔  بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ  آصف    نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں جھوٹ کا سیلاب آیا ہوا ہے، بھارت نے جس طرح ذلت اٹھائی، انہوں نے اپنے عوام کو مطمئن کرنا ہے، بھارت اپنے عوام کو یہ تو نہیں بتائے گا کہ سب جگہ ہمیں مار پڑ رہی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا اتحاد فطری ہے، دونوں اسلام مخالف ہیں، ان کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ دوست ملک کھل کرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ اور آٓذربائیجان نے کھل کر پاکستان کی حمایت کی ہے، بھارت کے قریب ترین حلیف بھی اس کاساتھ نہیں دے رہے، پاک فوج لائن آف کنٹرول  (ایل او سی)  اور سرحد پر دشمن کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے۔انہوںنے کہا  مدارس اور اس کے طلبہ ہماری ثانوی دفاعی لائن ہیں۔انہوں نے کہا کہ  دوروزسے شروع کیے گئے ڈرون حملے ہماری اہم لوکیشنز لینے کے لیے کیے گئے تھے، ڈرون حملوں کو انٹرسیپٹ اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ ہماری لوکیشنز ٹریس نہ ہوں، جب ڈرونز مناسب فاصلے پر آئے تو انہیں مار گرایا۔، ایٹمی جنگ کا آپشن دونوں ممالک کے پاس نہیں،وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے پاکستان نے رافیل گرا کر بھارت پر برتری حاصل کر لی ہے‘وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا  سیاست میں سے تقسیم کو ختم کرنا ہوگا، سیاسی ہم آہنگی کی بھی بات ہونی چاہئے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم ملک کی سرحدوں اورعوام کا دفاع کرنا جانتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو یک زبان ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بطور اپوزیشن لیڈر بھی کہا تھا آئیں مل کر ملک کو ٹھیک کریں، وزیراعظم نے فلور آف ہاس کہا میثاق معیشت کریں اور ملکی معیشت کا پہیہ تیز کریں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا نام نہیں، سیاست کو ہمیشہ فسطائیت کے قریب لانے کی کوشش کی گئی، فسطائیت کو صرف اور صرف اجتماعی سوچ سے ہی ختم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو ملک بھی مضبوط ہوتا ہے، جنگ ہمیشہ جوش اور جذبے کے ساتھ ساتھ حکمت سے بھی لڑی جاتی ہے