اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف لندن نے پاکستان میں تعلیمی معیار کونئی جہت دی، پاکستان خوش قسمت ہے کہ اسے باوقار اور تجربہ کار اساتذہ کی رہنمائی حاصل رہی، جنہوں نے تعلیمی معیار کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین سینیٹ و قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے یونیورسٹی آف لندن کے وفد کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کیا۔وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا معزز اور باوقار اجتماع سے خطاب کا موقع ملنا باعث اعزاز اور باعث افتخار ہے،یونیورسٹی آف لندن کی پاکستان کے تعلیمی شعبے کے ساتھ وابستگی قابلِ تعریف ہے، جس نے ملک میں اعلی تعلیم کے معیار کو نئی جہت دی ہے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدرِ پاکستان یوسف رضا گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تعلیم تک رسائی میں عدم مساوات کا سب سے زیادہ اثر لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں پر پڑتا ہے، جسے دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اعلی تعلیم تک رسائی کو ہمیشہ ترجیح دی گئی ہے اور عالمی تعلیمی تعاون پاکستان کو مسابقت کے قابل بنانے میں مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم پر مبنی اداروں کا قیام حکومتی پالیسی کا بنیادی ستون رہا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری کوئی خرچ نہیں بلکہ یہ ملک کے مستقبل کی بنیاد ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستان میں آج بھی لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جس پر فوری اور موثر توجہ کی ضرورت ہے۔