لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے جوہر ٹاو ن میں ایل ڈبلیو ایم اے کے رکشے کی ٹکر سے زخمی ہونے والا موٹرسائیکل سوار نوجوان ٹانگ سے محروم ہو گیا۔ اہل خانہ کے مطابق حادثے میں عبدالعزیز نامی نوجوان شدید زخمی ہوا اور اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی، جسے ریسکیو نے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 24 لاکھ روپے خرچ کرکے نوجوان کا آپریشن کروایا گیا، تاہم افاقہ نہ ہونے پر ڈاکٹروں کو اس کی ٹانگ کاٹنا پڑی۔ متاثرہ خاندان کے مطابق ایل ڈبلیو ایم اے رکشے کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا، جبکہ واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔ اہل خانہ نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ دوسری جانب ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور حادثے کے بعد سے فرار ہے اور رکشہ یارڈ میں کھڑا کرکے وہاں سے چلا گیا تھا۔