دہشت گرد غیر ملکی افواج کا چھوڑا ہوا اربوں ڈالر کا عسکری سازوسامان استعمال کر رہے ہیں
پاکستان اپنی خود مختاری،علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کیلئے اپنا دفاع کرے گا:مستقل مندوب
نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، افغانستان کی سرزمین اب بھی دہشت گرد تنظیموں کیلئے محفوظ پناہ گاہ ہے، پاکستان اپنی خود مختاری،علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کیلئے اپنا دفاع کرے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستانی مندوب نے کہا پاکستان نے انسانی ہمدردی، سیاسی روابط اور تجارت کیلئے متعدد اقدامات کئے، طالبان حکومت سے خونریزی ختم ہونے اور امن کی امید تھی۔عاصم افتخار نے کہا کہ امید تھی طالبان وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے ذمہ دار انتظامیہ بنیں گے اور کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے، داعش کیخلاف کارروائی کریں گے، بدقسمتی سے طالبان ناکام رہے اور پاکستان کی سکیورٹی خدشات نظر انداز کئے۔مستقل مندوب نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو حاصل آزادی کے باعث پاکستان سب سے زیادہ نشانہ بنا،پاکستان میں دہشت گردی میں افغان شہری کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں، دہشت گرد غیر ملکی افواج کا چھوڑا ہوا اربوں ڈالر کا عسکری سازوسامان استعمال کر رہے ہیں۔