بیٹی کا رشتہ نشئی سے نہ کریں !

 رفیع احمد 
  منشیات کا استعمال کرنے والا ابتدا میں اپنے آپ کو چاق و چوبند، تیز دم،گفتگو میں تندوتیزی،ہوا میں اڑتا ہوا محسوس ہونا،دنیا مافیہا سے آزاد اپنے آپ کو ٹارزن اور جنسی لحاظ سے بھرپور محسوس کرنا۔۔۔۔۔۔ لیکن کچھ عرصے بعد وہ بتدریج زوال پذیر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔نشی کا ذہنی و جسمانی علاج ممکن نہیں ہے، جب کوئی شخص نشہ شروع کرتا ہے تو وہ "جرائم کی دنیا میں پہلا قدم رکھتا ہے"۔نشی کی کمائی ہوئی دولت ختم، نوکری یا کام سے فارغ ،شکی مزاج،عزت نفس صفر،جھوٹا، ناقابلِ اعتماد،جھگڑالو، چوری و ڈکیتی کرنا،گھر والوں کیلئے عذاب جو سمجھائے اس کو اپنا دشمن سمجھنا،اس کی زندگی کتے سے بھی بدتر ہو جاتی ہے وہ اس دلدل سے نکلنا بھی چاہے تو وہ نکل نہیں سکتا۔ بالاآخر اس کی قبل از وقت موت واقع ہو جاتی ہے یعنی اس نے گویا "خود کشی" کرلی۔ صرف کراچی شہر میں روزآنہ 8، سے 10، نشیوں کی لاشیں ملتی ہیں۔منشیات کا عادی اپنے آپ کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے پہلے اپنے قریب ترین لوگوں کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بناتا رہتا ہے۔ زندگی و موت اس کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی ہے یہ ہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال کراچی میں پرس یا موبائل مزاحمت پر 110،معصوم شہریوں کو ڈکیتوں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا، پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ڈکیت نشہ آور گولیاں کھا کر ڈکیتی کرتے ہیں۔ نشی افراد سب سے زیادہ قتل اپنی بے قصور خواتین اور پھول جیسے بچوں کا کرتے ہیں۔اسلام آباد میں 20،جولاء 2021 کو کوکین و کرسٹل آیس کا نشہ کرنے والا ظاہرجعفر نے اپنی ہی محبت نور مقدم کو نہایت ہی ظالمانہ انداز میں اپنے گھر میں قتل کر دیا تھا۔ اسی گھر میں نور مقدم کے قتل سے قبل ڈانس پارٹی کی تین لڑکیاں نشے کی حالت میں وہاں سے صبح کے اندھیرے میں جان بچا کر اپنی تیز رفتار کار میں بھاگتی ہیں،گاڑی کنٹرول میں نہ ہونے کی وجہ سے کھائی میں جاگرتی ہے اور وہ تینوں ہلاک ہو جاتی ہیں۔ لاہور میں 6،سال قبل نشی شوہر نے اپنی دو بیویاں بشرا اور تسلیم کو ایک ساتھ قتل کر دیا تھا۔گلشن اقبال کراچی میں 2،سال قبل نشی شوہر نے اپنا نشہ پورا کرنے کے لیے اپنی بیوی نرگس کو بدکاری کے لیے مجبور کرتا رہا اس کے انکار کرنے پر سفاکی سے اس کے ٹکڑے کرکے دیگ میں ڈال دیئے اور گرم پانی ڈالتا رہا۔ 2، سال پہلے ملیر کراچی میں نشی شوہر نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو نشہ آور چیز پلا کر ان کو چھری سے قتل کیا اس کے بعد اس نے اپنے آپ کو بھی مار دیا۔اگست 2024، لاہور میں معروف ڈاکٹر شاہد صدیق کے نشی بیٹے قیوم شاہد نے اپنے ہی گھر میں ڈکیتی کروائی اور پھر پیشہ ور شوٹر سے دن دھاڑے اپنے والد ڈاکٹر شاہد صدیق کوقتل کروا دیا۔ کراچی میں 19،اگست 2024، نشہ میں دھت نتاشہ دانش نامی عورت نے اپنی پراڈو گاڑی سے بے قصور باپ بیٹی کو کچل کر مار دیا، اس وقت اس کے چہرے پر ندامت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آئی۔ملتان میں 3،ماہ قبل معروف خان وکیل نامی نشی نے اپنی ڈاکٹر بیوی اقرا اور دو بچوں کو قتل کر نے کے بعد اپنے آپ کو بھی مار دیا۔ کراچی میں اس سال 6،جنوری کو ویڈ(weed) کے نشے کرنے والے ارمغان قریشی اور شیراز حسین نے اپنے ہی نوجوان دوست مصطفیٰ عامر کو نہایت ہی سفاکی اور بربریت سے قتل کر دیا تھا۔ والدین کی غفلت اور لاعلمی کی وجہ سے ان کی معصوم بیٹیاں ان نشی شوہروں کی وجہ سے مصیبت میں پھنستی ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ کراچی کورٹ میں روزآنہ اوسطاً 30، کیس خلع یا طلاق کے داخل ہوتے ہیں۔ والدین جب اپنی بیٹی کا رشتہ طے کریں تو اچھی طرح چھان بین کریں کہ لڑکا نشی تو نہیں ہے، والدین کا یہ حق ہے کہ وہ لڑکے کا خون و پیشاب کا اسکریننگ ٹیسٹ کی رپورٹ مانگے۔ لڑکے والے بھی اپنے نشی بیٹے کی شادی نہ کروایں۔لڑکے کے والدین بڑی معصومیت سے یہ کہتے ہیں کہ"ہم سمجھیں کہ ہمارا نشی بیٹا شادی کے بعد ٹھیک ہو جائے گا"۔ منشیات کا عادی جس کمرے میں نشہ کرے گا بیوی اور بچوں پر بھی منشیات کے اثرات آجاہیں گے۔ نشی شوہر میں مایوسی، خوف، جسمانی بیماریوں میں گھرا ہوا ہوتا ہے، اس مرد میں ایڈز اور ٹی بی کے خطرات موجود ہوتے ہیں،اس وجہ سے مردانہ طاقت میں کمی واقع ہونے سے پیدا ہونے والا بچہ قبل از وقت ہوگا،وزن میں کم اور سانس کی تکلیف میں مبتلاہوگا،نومولود بچے میں ذہنی و جسمانی معذوری کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ جن والدین کی بچیاں اب بھی منشیات کے عادی فرد کے ساتھ رہے رہیں ہیں ان کو فوری طور پر وہاں سے نکال کر جلد از جلد ان کا دوسرا رشتہ تلاش کریں، اپنے پاس رکھ لیں، ایدھی شیلٹر ہوم،دارالامان یا وومن پولیس پروٹیکشن سینٹر سے رابط کریں۔حکومت خواتین کے تعلیمی اداروں میں منشیات سے آگہی کے زیادہ سے زیادہ پروگرام کرے، حکومت شادی سے پہلے لڑکے کا خون و پیشاب کا اسکریننگ ٹیسٹ لازمی کرے، ٹیسٹ مفت کا ہو یا کم از کم پیسوں کا ہو۔اگر ہماری قوم کو اب بھی ہوش نہیں آیا تو ہمارے معاشرے کو تباہی و انارکی سے کوئی بھی نہیں روک سکے گا۔۔۔