فیفا ورلڈ کپ 2026: فرانس سے مراکش کی شکست کے بعد لندن کے بعض علاقوں میں کشیدگی

فیفا ورلڈ کپ 2026: فرانس سے مراکش کی شکست کے بعد لندن کے بعض علاقوں میں کشیدگی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں فرانس کے ہاتھوں مراکش کی شکست کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے بعض علاقوں میں کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں رات گئے پولیس اور بعض افراد کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی لندن کی ایجویئر روڈ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے حفاظتی سازوسامان کے ساتھ ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی، جبکہ بعض افراد کی جانب سے آتش بازی، سڑکوں پر ملبہ پھینکنے اور گاڑیوں پر چڑھنے جیسے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ایک ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو سڑک پر گرا ہوا دیکھا گیا، تاہم اس کی حالت یا واقعے کی تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔دوسری جانب فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ماحول نسبتاً پرامن رہا، جہاں فرانس اور مراکش دونوں ٹیموں کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور کھیل کے اختتام پر جشن مناتے دکھائی دیے۔واضح رہے کہ فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔