ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہریاں، مسائل حل کرنے کے احکامات

 فرنیچرکی دکان کے خلاف ایس ایچ او موچی گیٹ، فوری قانونی کارروائی کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے۔ امروز بھی کھلی کچہری میں لین دین، فراڈ، جھگڑے ودیگر معاملات بارے درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بذریعہ ویڈیولنک متعلقہ افسران کواحکامات جاری کئے۔ شہریوں کومعاملات کی نوعیت کے مطابق فیملی کورٹ سمیت دیگر فورم بارے بھی آگاہی دی گئی۔ خاتون سائلہ نے درخواست دی کہ بیٹی کی شادی کیلئے فرنیچرکی دکان پر رقم اداکی،نہ ہی فرنیچر ملا نہ ہی رقم واپس ملی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او موچی گیٹ کو بعد از تصدیق فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ خاتون سائلہ کا داماد کے خلاف تشدداورگھر پر قبضہ کرنے کا الزام، ایس ایچ او بھاٹی گیٹ کو بعد ازتصدیق تشدد کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی طرح کورٹ میرج کرنے پر سسرال کی جانب سے شہری کو دھمکیاں ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او ڈیفنس اے کودرخواست گزار کو تحفظ فراہم کرنے اور فریقین میں صلح کروانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈولفن اہلکار کے خلاف وراثتی جائیداد چھیننے کا الزام پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت کو مصالحت کروانے کیلئے 3 دن کی مہلت دے دی۔ خاتون کی طلاق کے بعد جہیز کا سامان واپس نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او غازی آباد کوقانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔دوست کے خلاف لاکھوں روپے فراڈ کی درخواست پرایس ایچ او ہربنس کو مصالحت کروانے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح شہری کا رکشہ کے عوض ماموں کو دی گئی رقم واپسی نہ ملنے کی شکایت پرایس ایچ اولٹن روڈ کو رقم واپس دلوانے کی ہدایت کی گئی۔ شہری کی کمیٹی کی رقم واپس نہ ملنے کی درخواست ایس ایچ او شادباغ کومارک کر دی گئی۔ خاتون سائلہ کا وراثتی حق نہ ملنے پر بھائی کے خلاف شکایت پر ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن کو بہن بھائی میں مصالحت کی ہدایت کی گئی۔ شہری کی بل کی درستگی کیلئے الزام علیہ کورقم دینے کے باوجود بل درست نہ ہونے اورنہ ہی رقم واپس ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او سول لائنز کو بعد از تصدیق کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ فیصل کامران نے شہری کا گروی مکان کا ایگریمنٹ ختم ہونے کے بعد 08 لاکھ روپے نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او باغبانپورہ کو شواہد کے مطابق کارروائی کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ شہری لین دین کے معاملات میں تحریری معاہدہ لازمی کریں۔بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے ایس ایچ او ز 03 تا 05 بجے شام تھانوں میں موجود رہیں۔