'ڈُون: پارٹ تھری' کا پہلا ٹریلر جاری، ٹموتھی شالامے ایک بار پھر پال ایٹریڈیز کے روپ میں جلوہ گر

'ڈُون: پارٹ تھری' کا پہلا ٹریلر جاری، ٹموتھی شالامے ایک بار پھر پال ایٹریڈیز کے روپ میں جلوہ گر

مشہور ہدایتکار ڈینس ویلینیو کی شہرۂ آفاق سائنس فکشن فرنچائز "ڈُون" کے تیسرے اور آخری حصے "Dune: Part Three" کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے دنیا بھر میں شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ٹریلر میں ٹموتھی شالامے ایک بار پھر پال ایٹریڈیز کے کردار میں نظر آ رہے ہیں، جو اپنی سلطنت، مذہبی جنگ اور ذاتی قربانیوں کے نتائج کا سامنا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فلم میں زینڈایا، رابرٹ پیٹنسن، آنیا ٹیلر جوائے، فلورنس پگ، جیسن موموا، ریبیکا فرگوسن، شارلٹ ریمپلنگ، آئزاک ڈی بینکولے اور جیویئر بارڈیم سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ فنکار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق فرینک ہربرٹ کے شہرۂ آفاق ناولوں پر مبنی اس فلم کا نیا ٹریلر پال ایٹریڈیز کی زندگی کے اگلے مرحلے کی جھلک پیش کرتا ہے، جہاں وہ صرف ایک فاتح حکمران نہیں بلکہ اپنے فیصلوں، مذہبی جنگ اور اقتدار کی بھاری قیمت سے بھی نبرد آزما نظر آتے ہیں۔

ٹریلر میں زینڈایا بطور چانی کئی اہم مناظر میں دکھائی دیتی ہیں، جبکہ فلم کی شاندار سینماٹوگرافی، بصری اثرات اور جذباتی کہانی نے مداحوں کی توقعات مزید بڑھا دی ہیں۔"Dune: Part Three" کا ٹریلر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، "یہ اب تک کا بہترین ٹریلر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ صرف اس سال ہی نہیں بلکہ اب تک کی عظیم ترین فلموں میں شمار ہوگی۔"ڈینس ویلینیو کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 18 دسمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی اور اسے "ڈُون" ٹرائیلوجی کا اختتامی باب قرار دیا جا رہا ہے۔