کراچی میں قاتل واٹر ٹینکرز کے خطرناک حادثات، 24 گھنٹوں میں 6 افراد جاں بحق

کراچی میں قاتل واٹر ٹینکرز کے خطرناک حادثات، 24 گھنٹوں میں 6 افراد جاں بحق

کراچی میں واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے ایک اور سانحہ پیش آیا جس میں مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، مختلف سڑکوں پر واٹر ٹینکرز اور دیگر گاڑیوں کے حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔شہید ملت روڈ پر دو موٹر سائیکل سواروں کی جانیں گئیں جب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی لیکن ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اسی دوران حب ریور روڈ پر بھی ایک واٹر ٹینکر نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد ہلاک ہوگئے۔

کاٹھور کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے کوسٹ گارڈ اہلکار نے بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ کورنگی میں چمڑا چورنگی کے قریب بھی ایک کار کی ٹکر سے دو افراد میں سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔