رواں سال 1200 پتنگ باز گرفتار

 لاہور سمیت صوبہ بھر میں کارروائیاں 1142مقدمات درج ،75ہزار پتنگیں ، 2600ڈور چرخیاں برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر)رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1200ملزمان گرفتار، 1142مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق75ہزار 700سے زائد پتنگیں، 2600سے زائد ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں جبکہ 840سے زائد کیسز کے چالان جمع کرائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں 350ملزمان گرفتار، 351مقدمات درج، 17700سے زائد پتنگیں اور 552 ڈور چرخیاں برآمد کر لی گئی۔گزشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525ملزمان گرفتار، 11866مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرانے میں مصروف عمل ہے، پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائیں، جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔