بہاولنگر میں پولیس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق

 ڈی پی او کا واقعہ کا نوٹس ،سب انسپکٹر زمان، اے ایس آئی سلیم مہارسمیت6افراد کیخلاف مقدمہ درج
بہاولنگر(آئی این پی ) کراچی کے بعد بہاولنگر میں پولیس گردی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے شہری جان سے گیا۔ تفصیل کے مطابق بہاولنگر کے چک باہو ساڑھو میں ایک شہری اشتیاق کو درخواست پر پولیس اہلکار اسے تھانے پیش ہونے کا کہنے گئے۔ شہری کے پیش ہونے سے انکار پر جھگڑا ہوا اور اہلکاروں نے اس پر بندوق کے بٹ مارے۔پولیس اہلکاروں نے تشدد کے بعد مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی جب کہ تشدد کے بعد گولی لگنے سے اشتیاق وہیں دم توڑ گیا جب کہ پولیس اہلکار وہاں سے فرار ہوگئے۔دریں اثناء ڈی پی او بہاولنگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر زمان، اے ایس آئی سلیم مہار، کانسٹیبل عظیم سمیت دیگر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتار کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔