چین: وزن کم کرنے کے انجیکشنز سے خاتون شدید بیمار، اسپتال منتقل

چین: وزن کم کرنے کے انجیکشنز سے خاتون شدید بیمار، اسپتال منتقل

چین کی سوزو شہر کی 28 سالہ خاتون کو وزن کم کرنے کے لیے لگوائے گئے انجیکشنز کے سبب شدید طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک دوست کی پوسٹ دیکھ کر تین انجیکشنز کا پیکج خریدا، جس کی قیمت تقریباً 900 یوان تھی۔ اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہر انجیکشن سے کئی کلو وزن کم ہو جائے گا۔خاتون نے انجیکشن کی مکمل خوراک نہ لے کر صرف آدھی مقدار لگائی، لیکن چند دنوں میں اس کی حالت خراب ہو گئی۔ ابتدائی طور پر اس کا وزن کم ہوا، تاہم ساتھ ہی شدید مضر اثرات ظاہر ہوئے۔ چار دن کے اندر 5 کلو وزن کم ہونے کے بعد خاتون کو متلی اور الٹیاں شروع ہو گئیں، اور بعد ازاں خون کی الٹی بھی ہوئی۔

خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کے نظامِ ہاضمہ کو سنگین نقصان پہنچنے کی تصدیق کی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی مکمل صحتیابی میں کافی وقت درکار ہوگا اور وہ طویل مدتی طبی نگرانی میں رہے گی۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مبنی غیر تصدیق شدہ مصنوعات کے استعمال کے خطرات کی طرف تنبیہ ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بغیر کسی ماہر کے مشورے کے وزن گھٹانے والی مصنوعات کا استعمال سنگین نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔