شدید فائرنگ ، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، سینیٹر گھر پرموجود نہیں تھے
پانچ گاڑیوں میں20 سے 25 افراد آئے، ایک ملازم کو کمر میں گولی لگی
پشاور(آئی این پی )پشاور میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ پیر و منگل کی درمیانی رات ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا ہے جب چار سے پانچ گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے خرم ذیشان کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس دوران فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق شدید فائرنگ کے نتیجے میں مکان میں کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اسے نقصان پہنچا۔جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت سینیٹر خرم ذیشان گھر پر موجود نہیں تھے۔پشاور کے پولیس کے مطابق فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور کون تھے تاہم اس بارے میں رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات کی جا رہی ہیں۔سینیٹر خرم ذیشان کا کہناتھا کہ کہ یہ ان کے سسر کا مکان ہے جہاں وہ ان کے ساتھ رہائش پزیر ہیں۔اس واقعے کی ایف آئی آر ان کے کزن کی مدعیت میں درج کروائی گئی ہے۔ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پانچ گاڑیوں میں لگ بھگ 20 سے 25 افراد آئے تھے اور ان کی فائرنگ سے ان کے ایک ملازم کو کمر میں گولی لگی ہے جس سے وہ شدید زخمی ہوا ہے