پولیو کا خاتمہ آنے والی نسلوں کیلئے اخلاقی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے، پاکستان اس فرض کو یکجہتی، عزم اور قومی ارادے کے ساتھ پورا کر رہا ہے
پاکستان میں وائرس کا پھیلائو کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے: ابوظبی میں منعقدہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہائی لیول پلیجنگ مومنٹ میں اظہار خیال
ابوظبی (آئی این پی )پاکستان نے ابوظبی میں ہائی لیول پلیجنگ مومنٹ کے دوران پولیو کے خاتمے کیلئے 639.54 ملین ڈالر کا اعلان کر دیا ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، ایچ ای احسن اقبال چوہدری نے ابوظبی میں منعقدہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہائی لیول پلیجنگ مومنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ تقریب متحدہ عرب امارات کی حکومت نے محمد بن زاید فانڈیشن فار ہیومینیٹی اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (جی پی ای آئی )کے اشتراک سے منعقد کی۔وفاقی وزیر نے صدر مملکت متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کی پولیو سے لاکھوں بچوں کو محفوظ بنانے کی مسلسل کاوشوں اور پاکستان کے ساتھ اعتماد، انسانیت اور مشترکہ مقاصد کی بنیاد پر قائم مضبوط شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ آنے والی نسلوں کے لیے اخلاقی ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے، اور پاکستان اس فرض کو یکجہتی، عزم اور قومی ارادے کے ساتھ پورا کر رہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں وائرس کا پھیلائو کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر ہے، ویکسینیشن کے معیار میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، نگرانی کا نظام مضبوط ترین سطح پر ہے، اور کمیونٹی کا اعتماد بھی مزید بڑھ رہا ہے۔