چینی صدر شی جن پنگ سے تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن کی ملاقات

چینی صدر شی جن پنگ سے تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن کی ملاقات

بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ نے تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن سے ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور آبنائے تائیوان کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ دنیا اس وقت صدیوں میں نہ دیکھے گئے بڑے تغیرات سے گزر رہی ہے، تاہم چینی قوم کی قومی تجدید کا رجحان تبدیل نہیں ہوگا۔شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف رہنے والے لوگ ایک ہی چینی قوم سے تعلق رکھتے ہیں اور سب کا مشترکہ مقصد امن اور استحکام ہے۔ ان کے مطابق چین خطے میں کشیدگی نہیں بلکہ تعاون اور استحکام چاہتا ہے۔دوسری جانب تائیوان کی اپوزیشن رہنما چینگ لی وُن نے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں جانب کے لوگوں کو مل کر ایک جدید اور مضبوط چینی معاشرہ تشکیل دینا چاہیے۔

 انہوں نے مکالمے اور باہمی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ماہرین کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چین اور تائیوان کے درمیان سیاسی کشیدگی اور عالمی سطح پر اس تنازع پر توجہ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور اسے خطے میں مستقبل کے تعلقات کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔