نئی دہلی(آئی این پی )بھارت کے معروف سیاستدان اور سابق سفارتکار ششی تھرور نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔بھارتی سیاستدان و مصنف ششی تھرور نے انڈیا ٹو ڈے کو انٹرویو میں کہا عالمی سطح پر بدلتی صورتحال میں پاکستان ایک موثر کردار ادا کر رہا ہے جبکہ بھارت سفارتی میدان میں پیچھے رہتا دکھائی دے رہا ہے۔ششی تھرور نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان میں پاکستان کو ایران جنگ کے خاتمے میں کردار دینے کا ذکر حیران کن ہے اور یہ بھارت کیلئے ایک سٹریٹجک ناکامی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، پاکستان خود کو عالمی سطح پر ایک استحکام فراہم کرنے والے ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے جبکہ بھارت اپنی سفارتی حیثیت کھو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت سنجیدہ عالمی معاملات کے بجائے غیر اہم موضوعات پر توجہ دی جا رہی ہے، جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے