پا کستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدے کیلئے استعمال کیا گیا،مذاکرات کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں
پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوششیں بھی کامیاب ثابت نہیں ہوئیں‘ یہ پالیسی خود فریبی کے مترادف ہے:انڈین رہنما کا کالم
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی سیاستدان اور رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے پاکستان کے خلاف مستقل دشمنی کی بھارتی پالیسی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکمتِ عملی ناکام ہو چکی ہے اور اس سے خطے میں امن کے امکانات کمزور ہوئے ہیں۔ انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے اپنے کالم میںششی تھرورنے لکھا کہ پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدے کے لئے استعمال کیا گیا، تاہم اس کا عملی طور پر کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان سے بات چیت کو شکست سمجھنا ایک غلط سوچ ہے اور مذاکرات کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔اپنے کالم میں انہوں نے بی جے پی کی سخت اور تصادمی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس رویے نے نہ صرف خطے کو غیر محفوظ بنایا بلکہ بھارت کے سفارتی مفادات کو بھی نقصان پہنچایا۔ششی تھرور کا کہنا تھا پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوششیں بھی کامیاب ثابت نہیں ہوئیں اور یہ پالیسی خود فریبی کے مترادف ہے