امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سیاسی تقریب میں ٹیرف پر مذاکرات کرنے والے ممالک کا تضحیک آمیز اور طنزیہ انداز میں مذاق اُڑایا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
نیشنل ری پبلکن کانگریشنل کمیٹی کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ مختلف ممالک مسلسل فون کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں: "مہربانی کریں، ہم ہر چیز کے لیے تیار ہیں، بس ڈیل کر لیں۔" اس کے بعد ٹرمپ نے مذاق کرتے ہوئے ان ممالک کی نقل اتاری اور خود کو دنیا کا سب سے بہترین ڈیل کرنے والا انسان قرار دیا۔اس موقع پر ٹرمپ نے اپنے ناقدین کا بھی مذاق اُڑایا اور کہا کہ ان سے بہتر کوئی صدر نہیں آیا، جبکہ اپنے پیش رو صدور کو "نااہل اور بیوقوف" قرار دیا۔
ٹرمپ کا یہ غیر سفارتی انداز عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن گیا ہے، خاص طور پر ان ممالک کے لیے جو امریکا کے ساتھ ٹیرف یا تجارتی معاہدوں کے خواہاں ہیں۔ ان کے طنزیہ لہجے نے ان ممالک کے درمیان غیر معمولی تشویش پیدا کی ہے جو امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر ٹرمپ کی غیر روایتی سیاسی اسلوب کو اجاگر کرتا ہے، جس میں وہ نہ صرف اپنے مخالفین بلکہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ بھی مذاق اور تنقید کا انداز اپناتے ہیں۔