امدادی کارروائیاں اور سیلاب میں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام تیز کیا جائے شہبازشریف

 عالمی مارکیٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی  افرادی قوت کے طور پر اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں ‘ ان کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے

معیشت کی سمت درست اور ترقی کا سفر جاری ہے،بازار حصص کا تاریخی سطح عبور کرنا، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے یہ بات چیئرمین اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن قمر رضا اور مینیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں وزیراعظم کو معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کے حوالے سے بیرون ملک منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیئرمین او پی ایف اور ایم ڈی او پی ایف نے وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور ان کو حل کرنے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ایک قوی افرادی قوت کے طور پر اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔خواندگی کے عالمی دن پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا حکومت خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر قومی مہم چلائیں گی ۔ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر علم و تدریس کی قوموں کی تعلیمی، معاشی و معاشرتی زندگی میں اہمیت اور ترقی و خوشحالی میں بنیادی حیثیت کو اجاگر کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم محض لکھنے پڑھنے کی صلاحیت یا حروف تہجی سے واقفیت کا نام نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر کسی بھی قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہوئے تابناک مستقبل کی طرف سفر کرنے کا نام ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ ساز بلندی  کے نئے ریکارڈز قائم ہونے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے معیشت کی سمت درست اور ملکی ترقی کا سفر تیزی کے ساتھ  جاری ہے۔ بازار حصص کا تاریخی سطح عبور کرنا، کاروباری برادری و سرمایہ کاروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی ترقی کا سفر معاشی ٹیم کی محنت کی وجہ سے جاری و ساری ہے۔ حال ہی میں چین کے نجی شعبے کے ساتھ پاکستان کی نجی کمپنیوں کے اربوں ڈالر کے معاہدے و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔وزیراعظم  کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے سے صنعتیں لگیں گی، برآمدات میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔  ملکی معاشی سمت کی بہتری اور ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے معاشی ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔