مولانا فضل الرحمن مذاکراتی ڈیڈلاک کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں‘وزیراعظم کو رپورٹ پیش‘سربراہ جے یو آئی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایاگیا‘شہبازشریف اور فضل الرحمن کے جلد رابطے کاامکان
محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ‘حکومت سے مذاکرات کو ملاقات سے مشروط کردیا‘وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کا مقصد کچھ مشترکہ نکات اور ایجنڈا تیار کرنا تھا:راجہ ناصر
اسلام آباد(یواین پی‘آن لائن) حکومتی کمیٹی نے سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی ہے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان مذاکراتی ڈیڈلاک کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور انہوں نے تنازعات کو طے کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کی بھی حامی بھری ہے.کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کی مصالحانہ کردار کیلئے پیش کی گئی شرائط سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کر دیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا گیا ہے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مولانافضل الرحمان کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ متوقع ہے.ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو گورنر راج یا ایمرجنسی سے اجتناب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا مشورہ دیا ہے انہوں نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے مزید مسائل پیدا ہوں گے‘دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے ‘حکومتی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد مولانا نے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا اور حکومتی پیشکش پی ٹی آئی کو پہنچائی۔ بعدازاں اپوزیشن لیڈرز محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مذاکرات سے متعلق بات چیت ہوئی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ سے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس سے رابطہ کیا، دونوں کے درمیان مذاکرات سمیت آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق دونوں اپوزیشن قائدین نے مذاکرات کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت کی، اپوزیشن قائدین نے مذاکرت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ناگزیر ہے، کیونکہ بانی کی توثیق کے بغیر مذاکرات بے معنی ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علامہ ناصر عباس نے بیرسٹر گوہر کی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کا مقصد فریقین کے درمیان کچھ مشترکہ نکات اور ایجنڈا تیار کرنے کی کوشش کرنا تھا۔