شوہر نے بیوی کو دوسری منزل سے گرا دیا، ملزم گرفتار

 تشدد سے خاتون کی ریڑھ کی ہڈی اور بایاں پاؤں فریکچر، ہسپتال منتقل، ملزم کی بہن کی گرفتاری کے لیے کارروائی 
لاہور (کرائم رپورٹر) باٹا پور کے علاقے میں بیوی کو مبینہ طور پر دوسری منزل سے نیچے گرانے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے شوہر عامر کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے میں خاتون کی ریڑھ کی ہڈی اور بائیں پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی، جس کے باعث وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ ملزم پر اپنی بہن کے ساتھ مل کر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا بھی الزام ہے۔ پولیس نے مقدمہ اقدامِ قتل کی دفعہ 324 کے تحت درج کر لیا ہے، جبکہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد اور جان لیوا حملے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ گھریلو تنازعات کی آڑ میں تشدد کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔