پاکستانی سکواش ٹیم نے ایشین چمپئن بن کر ملک و قوم کا نام روشن کردیا، طاہر اقبال

ایشین چمپئن بننے پر پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد، ملک میں سکواش ٹیلنٹ کی کمی نہیں
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) قومی سکواش ٹیم کے کوچ طاہر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی سکواش ٹیم نے ایشین چیمپئن بن کر ملک و قوم کا نام روشن کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مصحف سکواش کمپلیکس میں 23 ویں ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کوریا کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑی کامیابی پر میں کھلاڑیوں اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جن کی کوشش اور کاوشوں سے اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی رہی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ازبکستان کو 0-3 اور کوریا کو 0-3 شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا اور سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 0-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اسی طرح فائنل میں کوریا کو ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایک سوال قومی ٹیم کے کوچ طاہر اقبال نے کہاکہ ملک میں سکواش کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو تربیت اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔