23 ویں ایشین ٹیم سکواش چمپئن شپ آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر ایشین ٹیم سکواش چمپئن شپ آج منگل، 3 نومبر سے مصحف سکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے ڈائریکٹر اکیڈمی و ایشین سکواش فیڈریشن ڈسپلنڑی کمیٹی کے چیئرمین گروپ کیپٹن ریٹائرڈ عرفان اصغر نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اورچمپئن شپ میں چھ ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان، ہانگ کانگ، ملائیشیا، کوریا، ایران اور ازبکستان کے کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستان مردوں کی ٹیم میں نور زمان، محمد اشہب عرفان، محمد عاصم خان اور ناصر اقبال جبکہ پاکستان خواتین کی ٹیم میں ثناء بہادر، مہوش علی، ماہ نور علی اور سحرش علی شامل ہیں مردوں کی ٹیم کے کوچنگ کے فرائض طاہر اقبال اور خواتین کی ٹیم کے کوچنگ کے فرائض سعدیہ گل انجام دیں گی اورچمپئن شپ میں نو مردوں کی ٹیمیں اور آٹھ خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔چیمپئن شپ میں سیمی فائنل مقابلے 6 نومبر کو جبکہ 7 نومبر کو فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے۔چمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔