قوم اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں:سپریم کورٹ

چیف جسٹس کی سربراہی میں تعزیتی اجلاس میں بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش کیا گیا

اسلام آباد(آن لائن )چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تمام جج صاحبان کے ہمراہ ایک رسمی تعزیتی اجلاس منعقد کیا ہے جس میں بھارتی فوج کے وحشیانہ اور بلا اشتعال حملے میں بے گناہ پاکستانی شہریوں کی شہادت پراظہار تشویش کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیاگیاہے جج صاحبان نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس میں جارحیت کی وجہ سے ہونے والے گہرے دکھ اور غم کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان متاثرہ خاندانوں اور قوم کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، انصاف، انسانی وقار، اور معصوم جانوں کے تحفظ اور تقدس کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔