ایمرجنسی میں 1 لاکھ 65 ہزار 868 مریضوں کو مفت ادویات فراہم :رپورٹ
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور جنرل ہسپتال میں سال 2026 کے پہلے دو ماہ کے دوران ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور میں 3 لاکھ 56 ہزار 168 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ترجمان کے مطابق پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایل جی ایچ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام مریضوں کا بغیر پرچی فیس علاج معالجہ کیا گیاجبکہ شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے 1 لاکھ 65 ہزار 868 مریضوں کو ادویات، آپریشن کا سامان، سی ٹی سکین اور تمام تشخیصی ٹیسٹ مفت فراہم کیے گئے۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے انتظامی امور کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہسپتال میں ڈسپلن، صفائی اور سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کیا اور یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی ہیلتھ کیئر پروفیشنل دوسری شفٹ کو چارج دیئے بغیر ڈیوٹی نہ چھوڑے۔