نئی تاریخ رقم: پاکستانی نژاد فٹبالر زیڈان اقبال ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے تیار

نئی تاریخ رقم: پاکستانی نژاد فٹبالر زیڈان اقبال ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے تیار

عراق کی قومی فٹبال ٹیم کے مڈفیلڈر زیڈان اقبال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے ساتھ ایک منفرد تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں، جہاں وہ پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر کے طور پر عالمی کپ میں کھیلیں گے۔

فیفا ورلڈکپ 2026 میں ان کی شرکت کو نہ صرف عراق بلکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی ایک اہم اور قابلِ فخر لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔23 سالہ زیڈان اقبال انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ عراقی جبکہ والد پاکستانی نژاد ہیں۔ انہوں نے ابتدائی فٹبال کی تربیت مقامی کلب سے حاصل کی اور بعد ازاں دنیا کے مشہور کلب مانچسٹر یونائیٹڈ  کی اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔2021 میں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی پہلی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پہلے برطانوی جنوبی ایشیائی کھلاڑی بنے، جسے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جاتا ہے۔بعد ازاں انہوں نے عراق کی قومی ٹیم کا انتخاب کیا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری رکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں گے تو وہ خود بھی حیران رہ گئے۔

زیڈان کے مطابق ان کا بچپن صرف فٹبال کھیلنے اور اس سے لطف اندوز ہونے تک محدود تھا، لیکن اب وہ ایک بڑی تاریخ کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد ان پر فخر کرتے ہیں، اگرچہ وہ چاہتے تھے کہ زیڈان پاکستان کی نمائندگی کرتے تو یہ خوشی اور زیادہ ہوتی۔ورلڈ کپ 2026 میں ان کی شرکت کو ایک ایسے لمحے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو عراق اور جنوبی ایشیائی فٹبال کے درمیان ایک نیا پل ثابت ہو سکتا ہے۔