جیمز اینڈرسن نے بابر اعظم کو پسندیدہ کرکٹر قرار دیدیا

    لندن (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کئی سابق لیجنڈز کو نظر انداز کر کے سٹار پاکستانی بیٹر بابر اعظم کو پسندیدہ کرکٹر قرار دے کر شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا۔ جیمز اینڈرسن سے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ریپڈ فائر سیشن کے دوران مختلف ممالک سے ان کے پسندیدہ کرکٹرز کے بارے میں پوچھا گیا۔اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے پسندیدہ کرکٹر آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، نیوزی لینڈ سے ٹم ساؤتھی، جنوبی افریقہ سے اے بی ڈی ویلیئرز، پاکستان سے بابر اعظم اور بھارت سے ویرات کوہلی ہیں۔  جیمز اینڈرسن کے یونس خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، محمد یوسف اور سعید انور جیسے کئی سابق لیجنڈز کو نظر انداز کرکے بابر اعظم کا انتخاب کرنے پر بہت سے لوگوں کو حیرانی ہوئی۔واضح رہے کہ 43 سالہ لیجنڈری انگلش فاسٹ بولر حال ہی میں ریٹائر ہوئے ہیں، اُنہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 991 وکٹیں حاصل کیں جب کہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں وہ 704 وکٹیں حاصل کرکے زیادہ وکٹیں لینے والے باولرز کی فہرست میں مرلی دھرن (800) اور شین وارن (708) کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔