جنوبی اضلاع سے اہم رہنماؤں کی مسلم لیگ ق میں شمولیت

 مسلم لیگ  ق کی اولین ترجیح ملکی سلامتی، دفاع اور عوام کی خوشحالی ہے:چودھری سالک
اسلام آباد  (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے خیبر پختونخوا میں ایک اہم سیاسی کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں جنوبی اضلاع سے مختلف سیاسی جماعتوں کے نامور رہنماؤں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی۔ ان شمولیتوں کو صوبے کی سیاست میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے جماعت کی تنظیمی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انتخاب خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک، صوبائی رہنما بلال محمد زئی، ریاض خان، عبدالباسط اور ضلعی صدر ڈیرہ اسماعیل خان ہیبت اللہ صدیقی بھی موجود تھے۔۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا  پاکستان مسلم لیگ (ق) ایک محبِ وطن جماعت ہے، جس کی اولین ترجیح ملکی سلامتی، دفاع اور عوام کی خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوامی خدمت ہونا چاہیے اور مسلم لیگ (ق) جنوبی اضلاع کی ترقی اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔