ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر حسیب اللہ خان فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے باعث ان کی ٹیم میں شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، حسیب اللہ خان جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں پاکستان کے سکواڈ کا حصہ تھے، تاہم محمد رضوان کی موجودگی کی وجہ سے انہیں موقع نہیں مل سکا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان تھا، جس میں حسیب اللہ خان کی قسمت چمک سکتی تھی، مگر وہ پریکٹس کے دوران کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہو گئے۔حسیب اللہ خان کی انجری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران پریکٹس میں ان کے ہاتھ پر بال لگا تھا، جس کے بعد انہیں ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس وجہ سے ان کی شمولیت ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ممکن نظر نہیں آتی۔ حسیب اللہ خان ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان شاہینز اسکواڈ کا بھی حصہ تھے، مگر اب ان کی جگہ روحیل نذیر کو موقع ملے گا۔
دوسری جانب، قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو بھی کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے روز دائیں ٹخنے پر چوٹ لگی تھی۔ وہ اس وقت لندن میں علاج کے لیے موجود ہیں، اور ان کی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں شرکت کے امکانات ان کی انجری کی صحتیابی پر منحصر ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں اس صورتحال نے مسائل پیدا کر دیے ہیں، کیونکہ دونوں کھلاڑیوں کی انجری نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے سکواڈ میں تبدیلیاں ضروری بنا دی ہیں۔ سہ روزہ پریکٹس میچ 10 جنوری سے اسلام آباد کلب میں شروع ہو رہا ہے، جس میں دیگر کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔