لاہور میں پولیو ٹیم پر دو مختلف مقامات پر تشدد، مقدمات درج

لاہور میں پولیو ٹیم پر دو مختلف مقامات پر تشدد، مقدمات درج

لاہور: شہر میں دو مختلف مقامات پر پولیو کے کارکنوں پر تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں، جن کے بعد متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ہربنس پورہ واقعہ:
ہربنس پورہ میں پولیو ٹیم کے انچارج ندیم اشرف اور ان کی ٹیم مبین اور رابعہ کے ہمراہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے گئی، تو مہرفیاض کالونی میں سمیرا بی بی نے ٹیم کو قطرے پلانے سے منع کر دیا۔ بعد ازاں سمیرا بی بی نے مزید خواتین عائشہ، صبا اور پانچ نامعلوم افراد کو بلوا کر پولیو ٹیم پر تشدد کیا۔ایف آئی آر کے مطابق پولیس کے موقع پر پہنچنے پر مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد اور دھمکیاں دیں۔ ہربنس پورہ پولیس نے ندیم اشرف کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

شاہدرہ واقعہ:
دوسرے واقعے میں شاہدرہ کے علاقے میں خاتون پولیو انچارج اور ان کی ٹیم کو زدوکوب کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے عارفہ طاہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔پولیو ٹیم پر تشدد کے یہ واقعات نہ صرف صحت عامہ کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو کارکنوں کے کام میں تعاون کریں تاکہ بچوں کی صحت کی حفاظت ممکن ہو سکے۔