لاہور کے مصری شاہ میں پولیو ٹیم پر حملہ، متعدد اہلکار زخمی، ویکسین ضائع

لاہور کے مصری شاہ میں پولیو ٹیم پر حملہ، متعدد اہلکار زخمی، ویکسین ضائع

لاہور کے علاقے مصری شاہ میں  افسوسناک واقعہ پیش آیا جب پولیو ٹیم پر 20 سے 25 مرد و خواتین پر مشتمل ایک گروہ نے حملہ کردیا۔

واقعہ اس وقت ہوا جب پولیو ٹیم مقامی اسکول میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے پہنچی تھی۔مقامی ماؤں کے ساتھ ہونے والی بحث و تکرار کے بعد، چند خواتین نے اپنے مرد رشتہ داروں کو بلوایا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر پولیو ٹیم کے خلاف ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف پولیو ویکسین ضائع کی بلکہ ایک پولیو ورکر بھی زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے نتیجے میں متعدد ٹیم کے ارکان شدید زخمی ہوئے ہیں۔حملے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد جمع کیے گئے۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف سی ای او ہیلتھ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سات افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور پولیو ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ورکرز اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے سخت گرمی اور موسم کی شدت کا سامنا کرتے ہیں، اور کسی شرپسند کو ان کی عزت نفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہیلتھ ورکرز کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہمیں ان کی خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جو ہمارے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے دن رات میدان میں مصروف ہیں۔