باغبانپورہ میں برگر کے ریٹ پر تکرار ایک معمولی بات تھی، جو اچانک شدت اختیار کرکے پرتشدد صورتحال میں بدل گئی۔
واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ دکان پر برگر خریدنے آئے شخص دلاور اور دکان کے مالک خرم شہزاد کے درمیان ریٹ کے معاملے پر تلخی ہو گئی۔ دونوں کے درمیان تکرار بڑھتی گئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔اس دوران، تقریباً 10 سے زیادہ مسلح افراد، جن کے ہاتھ میں ڈنڈے تھے، دکان پر حملہ آور ہو گئے۔ انہوں نے نہ صرف دکان کا شٹربھگا دیا بلکہ شیشے بھی توڑ دیے۔ ملزمان نے دکان مالک خرم شہزاد کو زبردستی زدوکوب بھی کیا، جس سے وہ زخمی ہو گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان حملہ آور ہو رہے ہیں اور توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔مقامی دکاندار خرم شہزاد نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی، اور درخواست دی کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ تاہم، ابھی تک پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی اور مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔یہ واقعہ علاقہ میں خوف و ہراس کا سبب بن گیا ہے، اور مقامی لوگ انصاف کے طلبگار ہیں۔