وزیراعظم کی ہدایات پر گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی میں بہتری کا فیصلہ

وزیراعظم کی ہدایات پر گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی میں بہتری کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل اور مؤثر طریقے سے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال گیس کی لوڈ شیڈنگ میں گزشتہ سال کی نسبت واضح کمی دیکھی گئی ہے، مگر اگر کہیں بھی گیس پریشر کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو اُس کی نشاندہی کرکے فوری حل کیا جائے گا۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ نومبر میں تقریباً 80,000 سے 90,000 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 70 سے 80 فیصد شکایات اوگرا کے حوالے سے تھیں، جنہیں 36 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا گیا تھا۔اس اقدام سے حکومت کا مقصد ہے کہ گھریلو صارفین کو زیادہ بہتر اور بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ سردی کے موسم میں عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔