پھولنگر،مانگا منڈی میں 5 افراد کیخلاف مقدمہ ،شراب سے2 افراد کی ہلاکت ہوئی ،باقی ہارٹ اٹیک کاشکار ہوئے:پولیس
قصور،پھولنگر(خصوصی رپورٹ)پھولنگراور مانگا منڈی میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونیولے عبدالغفار ، منظور ، سہیل ، طارق ، بگو شیخ، افضل وٹو اور رانا شیرا کا تعلق پھولنگر کے مختلف علاقوں جبکہ 3 افراد ارشد، لیاقت اور رمضان کا تعلق مانگا منڈی سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام افراد نے پھولنگر سے شراب خریدی جبکہ تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے ابھی تک صرف ایک مدعی کی درخواست پر 3نامزد اور 2 نامعلوم سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے اورتاحال کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جبکہ پولیس صرف 2 افراد کی ہلاکت کو زہریلی شراب اورباقی اموات کو ہارٹ اٹیک قرار دے رہی ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی پتوکی کا کہناہے کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ترجمان قصور پولیس کے مطابق وزیر اعلٰی مریم نواز کے نوٹس لینے پر منشیات فروشوں کیخلاف کئے گئے کریک ڈاوٓن میں ابتک 1600 لٹر شراب برآمد کرلی گئی ہے اور مزید کارروائیاں جاری ہیں۔