پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور نقدی برآمد کر لی
لاہور (کرائم رپورٹر)ہیئر کے علاقے میں چائنا نیشنل شہری کی نجی کمپنی سے لاکھوں مالیت کے کمپیوٹر اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے چوری کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس ٹیم کو فوری ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ برآمد کرنے کا ٹاسک دیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ہیئر ظفر اقبال نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سے چینی شہری کی نجی کمپنی سے چوری کیے گئے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور نقدی برآمد ہوئی۔ انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم رات کی تاریکی میں واردات کر کے فرار ہوا تھا، جسے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزم پولیس کی گرفت میں ہے اور مضبوط چالان مرتب کر کے اسے سزا دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا ہے۔