ساندہ میں بیوہ خاتون کے گھر چوری کا معمہ حل

ٹیوشن ٹیچر نے گھر کی چابی چْرا کر خواتین کے ساتھ واردات کی
لاہور(کرائم رپورٹر) ساندہ کے علاقہ میں بیوہ خاتون کے گھر سے 30 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات چوری کا معمہ حل ہو گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے خصوصی ٹاسک پر مرکزی ملزمہ سمیت 3 خواتین چور پاکپتن سے گرفتار کر لی گئیں۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ساندہ حسن زاہد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے خواتین ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق مرکزی ملزمہ مدعیہ کے نجی ٹیوشن سنٹر میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دے رہی تھی۔ اسی دوران ملزمہ نے گھر کی چابی چرا کر اس کی ڈپلیکیٹ چابی بنا لی۔ گھر والوں کی عدم موجودگی میں خواتین ملزمان نے گھر سے 10 تولے طلائی زیورات اور نقدی چوری کر کے فرار ہو گئیں۔ خواتین ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔