لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ مناواں کے ایس آئی محمد بلال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دوران پٹرولنگ چار منشیات فروشوں کو منشیات کی ڈلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق ملزمان عمیر، جاوید، اقبال اور فیصل شہزاد سے لاکھوں مالیت کی 3 کلو آئس برآمد کی گئی۔ دوسری کارروائی میں ملزم حسیب کے قبضے سے مختلف برانڈز کی 39 بوتلیں شراب بھی برآمد ہوئی۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی کینٹ نے ایس آئی محمد بلال اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔اسی طرح نصیر آباد میں دوران پٹرولنگ ملزم خالق محمود کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 8 کلو 130 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزم نصیر آباد خان کالونی میں منشیات سپلائی کر رہا تھا اور اس کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔