پنجاب ، دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری
،منتخب ہونیوالے 9ارکان چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کرینگے، ممبرز کو 1 ماہ میں سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہو گا، آبادی کے حساب سے بڑی مقامی حکومت کا ہیڈ 6 ماہ کیلئے ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا،قائمہ کمیٹی سے بل منظور
لاہور( خصوصی رپورٹ )پنجاب میں لوکل گورنمنٹ بل 2025 قائمہ کمیٹی سے منظور کر لیا گیا ، حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب اس سال دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی تیاریاں کر رہی ہے بل کے تحت پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کروایا جائے گا، نئی حلقہ بندیاں ہوں گی، حلقہ بندیوں میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرے گی،یونین کونسل میں سے وارڈ سسٹم ختم، ایک یونین کونسل سے 9 ممبر منتخب ہوں گے، منتخب ہونے والے ممبرز کو 1 ماہ میں سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہو گا، 9 منتخب ہونے والے ممبر اپنا چیئرمین و وائس چئیرمین اور ریزرو سیٹوں کے ممبرز چنیں گے،پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کی تجویز پر ڈی سی کو ضلعی کمیٹیوں چیئرمین بنانے کی متنازع شق میں تبدیلی کر دی گئی،ضلعی کمیٹیوں کے چیئرمین عوامی نمائندے ہوں گے، ڈی سی شریک چیئرمین ہوں گے۔ترمیم پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ کی متفقہ تجویز پر کی گئی، بل میں تبدیلی کے مطابق آبادی کے حساب سے سب سے بڑی مقامی حکومت کا ہیڈ 6 ماہ کے لئے ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا،6 ماہ بعد آبادی کے حساب سے دوسری بڑی مقامی حکومت کا ہیڈ ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا، بل میں تبدیلی کے مطابق مرحلہ وار 6 ماہ کے لئے ہر مقامی حکومت کا ہیڈ ضلعی کمیٹیوں کا چیئرمین ہو گا،کسی مقامی حکومت کا ہیڈ نہ ہونے کی صورت میں اگلے ضلع کو مدنظر رکھا جائے گا۔بل منظوری کے لئے اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔