رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافہ ، بارشوں کا الرٹ

لاہورمیں آندھی ،گرج چمک کیساتھ بارش ، چند مقامات پر ڑالہ باری کا امکان
لاہور( خصوصی رپورٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج سے 11 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں و گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا ،حافظ آباد، گوجرانوالہ ، منڈی بہاوالدین ، گجرات، شیخوپورہ ، میانوالی آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں۔ فیصل آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ڑالہ باری بھی متوقع ہے۔ادھر موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ 10اور 11اپریل کے درمیان لاہور اور پنجاب کے بعض اضلاع میں بادلوں کا سسٹم داخل ہوگا اور کم ہواوں کے بادلوں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہونے سے ہلکی بارش کے  امکانات ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر گائیڈ لائنز پر مبنی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس  میں ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بڑے شہر، میدانی علاقے اور خصوصاً جنو بی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن نمبرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔