ڈی چوک احتجاج :عمر ایوب کی 8 مقدمات میں ضمانت منظور

شامل تفتیش ہونے کی ہدایت ،شبلی اور شوزب کی عبوری ضمانت میں توسیع 

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی قیادت پر 26 نومبر احتجاج پر درج 8 مختلف مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عمر ایوب اپنے وکلاء￿  کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور 8 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست جمع کرائی، عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے عمر ایوب کو ہدایت کی کہ اگلی تاریخ تک آپ  شامل تفتیش ہو جائیں،عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔انسدادِ دہشتگری عدالت  کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں ٹی آئی رہنما شبلی فرازاورکنول شوزب کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی،عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے درخواستوں پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔پی ٹی آئی رہنماوٓں پر 26 نومبر احتجاج پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی تھانہ سبزی منڈی کے مقدمے میں 29اپریل تک ضمانت منظورکرلی۔ 26نومبر احتجاج کیس میں درج مقدمے میں شہریار آفریدی کی اے ٹی سی اسلام آباد میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی،عدالت نے 29اپریل تک شہریار آفریدی کی گرفتاری سے روک دیا، سماعت 29اپریل تک ملتوی کردی۔عدالت نے اعظم سواتی، نعیم پنجوتھا، مشعال یوسفزئی، صنم جاوید سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں بھی 15 اپریل تک توسیع کر دی۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے پانچ اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں21 اپریل تک توسیع کر دی۔