ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس ڈیٹا مبینہ طور پر فروخت، 2 ملزمان گرفتار

ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس ڈیٹا مبینہ طور پر فروخت، 2 ملزمان گرفتار

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ’منی نادرا‘ کے نام سے ویب سائٹ چلانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ارسلان اور علی رضا کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے تقریباً 3 ٹیرا بائٹ حساس اور ذاتی ڈیٹا برآمد کیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ لاہور میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر حاصل کرکے فروخت کیا جا رہا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے سم کارڈ کی ملکیت و رجسٹریشن، کال ڈیٹا ریکارڈز (سی ڈی آرز)، سم ڈیٹا بیس اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق معلومات بھی برآمد کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق برآمد شدہ ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں سے متعلق حساس معلومات بھی شامل ہیں۔ ملزمان نے مبینہ طور پر ’منی نادرا‘ کے نام سے ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں نادرا سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی تھیں۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان حساس ڈیٹا کی مبینہ غیر قانونی خرید و فروخت کے ساتھ ’کھوجی‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی میں بھی ملوث رہے۔این سی سی آئی اے نے ملزمان کے قبضے سے دو موبائل فونز بھی برآمد کیے ہیں، جبکہ برآمد ہونے والے 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔

حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور کیس میں مزید افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔